لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمات کی رپورٹ پیش کیے جانے پر درخواست نمٹا دی۔
عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمات کی تفصیلات کے لیے درخواست پر سماعت کے دوران ایف آئی اے اور آئی جی پنجاب نے رپورٹ پیش کی۔
رپورٹ کے مطابق عالیہ حمزہ کے خلاف لاہور میں 3، قصور 7، گوجرانوالہ 1، راولپنڈی 4، میانوالی میں 2 اور فیصل آباد میں 4 مقدمات درج ہیں۔
عالیہ حمزہ کے خلاف ایف آئی اے میں بھی ایک مقدمہ درج ہے۔
اس حوالے سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ درخواست گزار پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر ہیں، مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے درخواست دے رکھی ہے، جلسے کے انعقاد سے روکنے کے لیے انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ درخواست گزار کو درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہیں، درخواست گزار عالیہ حمزہ کو مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیاجا ئے۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت درخواست گزار کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے۔