برطانیہ میں اوسط مکان کی قیمت جنوری میں تین لاکھ پاؤنڈ کی ریکارڈ سطح تک جاپہنچی۔
لائیڈز بینکنگ گروپ کے حصے ہیلی فیکس کے مطابق دسمبر میں مکانات کی قیمتوں میں 0.2 فیصد کمی کے بعد جنوری میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد اوسط مکان کی قیمت 299,138 پاؤنڈ رہی۔
ہیلی فیکس مارگیجز کی سربراہ امینڈا برائیڈن کے مطابق نئے سال کا آغاز مکانات کی قیمتوں میں مثبت آغاز کے ساتھ ہوا ہے اور مارگیج لینے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اسکی وجہ پہلی مرتبہ مکان خریدنے والوں کی کوشش ہے کہ وہ اسٹیمپ ڈیوٹی میں تبدیلی سے پہلے مارچ تک خریداری کا عمل مکمل کرلیں۔
اکتوبر کے بجٹ میں چانسلر ریچل ریوز نے اپریل سے اسٹیمپ ڈیوٹی کی شرح میں تبدیلی کا اعلان کی تھا جس کا مطلب ہے کہ انگلینڈ اور ناردرن آئرلینڈ میں مکان خریدنے والوں کو 125,000 پاؤنڈ سے اسٹیمپ ڈیوٹی ادا کرنی ہوگی۔
اس وقت یہ حد ڈھائی لاکھ پاؤنڈ ہے جبکہ پہلی مرتبہ مکان خریدنے والوں کیلئے 425,000 پاؤنڈ تک کے مکان کی خریداری پر کوئی ڈیوٹی نہیں۔
تاہم اپریل سے یہ حد کم ہوکر 300,000 پاؤنڈ کر دی جائے گی، ملک بھر کی نسبت لندن میں مکانات کی قیمتیں سب سے بلند ہیں جہاں اب اوسط مکان کی قیمت 548,288 پاؤنڈ ہے۔
یہ قیمت گزشتہ برس کی نسبت 2.8 فیصد زائد ہے ناردرن آئرلینڈ میں اوسط مکان کی قیمت 205,473 ویلز میں 227,397 پاؤنڈ اور اسکاٹ لینڈ میں 210,690 پاؤنڈ ہے۔