پاکستانی اداکار یاسر حسین نے کہا ہے کہ مجھے کینیڈا صرف ایک وجہ سے پسند ہے کہ 6 سال قبل ٹورنٹو میں ایک ایوارڈ شو کے دوران میں نے اداکارہ اقرا عزیز کو پسند کیا تھا اور بعد ازاں پاکستان جا کر ان سے شادی کر لی تھی۔
یاسر حسین اور اقرا عزیز نے کینیڈا میں انڈس اسپتال پاکستان کے لیے فنڈ ریزنگ ڈنر میں شرکت کی۔
اس موقع پر یاسر حسین نے کہا کہ ایوارڈ شو میں اقرا عزیز کا موبائل فون گُم ہو گیا تھا جہاں 12 ہزار لوگوں میں سے صرف میں نے فون ڈھونڈ کر دیا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ گوگل نے میری جائے پیدائش غلط لکھی ہوئی ہے، میں پشاور نہیں کراچی میں پیدا ہوا اور میرا بچپن راولپنڈی میں گزرا۔
یاسر حسین نے کہا کہ پاکستان کے اسپتالوں اور خیراتی اداروں کے لیے مجھے مانگنے میں کوئی شرم نہیں ہے، یہ بات میں نے عبد الستار ایدھی سے سیکھی ہے۔
تقریب میں معذور افراد کو مصنوعی ٹانگیں فراہم کرنے کے لیے پاکستانی کمیونٹی نے انڈس اسپتال کو خطیر رقم عطیہ کی۔
اس موقع پر پرویز احمد، آفتاب رضوی، ڈاکٹر اختر حمید اور ڈاکٹر نصیرالدین محمود نے بھی خطاب کیا۔