• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرفتار کشمیری رہنماؤں کی رہائی اور شہداء کے جسد خاکی کیلئے عالمی عدالت جائینگے: علی رضا سید

علی رضا سید— فائل فوٹو
علی رضا سید— فائل فوٹو 

چیئرمین کشمیر کونسل یورپی یونین علی رضا سید کا کہنا ہے کہ ہم گرفتار کشمیری رہنماؤ کی رہائی اور شہداء کے جسدِ خاکی واپس لینے کے لیے عالمی عدالتِ انصاف میں کیس دائر کریں گے۔

نمائندہ ’جنگ نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بہت جلد انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس جائیں گے، وہاں ہم جیل میں موجود کشمیری لیڈر یاسین ملک کی رہائی اور مقبول بٹ شہید اور افضل گورو شہید کے جسدِ خاکی واپس لینے کے لیے کیس دائر کریں گے۔

علی رضا سید نے کہا ہے کہ ان دونوں شہداء کو جیل میں پھانسی دے کر ان کے جسدِ خاکی کو ورثاء کی اجازت کے بغیر جیل میں ہی دفن کر دیا گیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ عالمی برادری بھی اپنا کردار ادا کرے اور انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس اس مسئلے کو اٹھائے کہ 2 بندوں کو پھانسی دینے کے بعد جسدِ خاکی کو ان کے اہلِ خانہ کو نہیں دیا گیا اور ہم چاہتے ہیں کہ ان کے جسدِ خاکی کو ان کے اہلِ خانہ کو دیا جائے، تاکہ جو کشمیری ہیں وہ ان کو ان کے اعزاز کے ساتھ دفن کر سکیں۔

علی رضا سید نے کہا کہ یہ عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے کہ انہوں نے پھانسی لگانے کے بعد مقبول بٹ اور افضل گرو کو جیل کے اندر ہی دفن کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یاسین ملک اور خرم پرویز کی رہائی کے لیے بھی ہم بھرپور آواز اٹھا رہے ہیں جنہیں ناجائز طریقے سے جیل میں رکھا ہوا ہے اور ان پر جو جعلی کیس بنائے گئے ہیں وہ سب غلط ہیں۔

علی رضا سید کا یہ بھی کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید