کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہماری قربت اور یک جہتی غیر متزلزل ہے۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے یومِ یک جہتیِ کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
علی رضا سید نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے مکمل اظہارِ یک جہتی کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کریں۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ ہم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں جن کی قانونی اور پُرامن جدوجہد طویل عرصے سے جاری ہے، ہم بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں اور تمام سیاسی قیدیوں بشمول انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز، حریت رہنما یاسین ملک اور صحافی سجاد گِل کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں علی رضا سید نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے کشمیریوں کے لیے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کی محبت اور خلوص ہمارے لیے بےحد اہم ہے، ان کی طرف سے مسلسل اظہارِ یک جہتی کشمیری عوام کے حوصلے بلند کرتی ہے۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے اقوامِ متحدہ، یورپی یونین اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے خلاف مظالم بند کروانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کو یقینی بنائیں۔