پاکستانی مرحوم لیجنڈ اداکار معین اختر کا کون سا کردار سب سے خاص تھا؟ اس بات کا انکشاف پاکستان کے نامور مزاح نگار انور مقصود نے کیا ہے۔
حال ہی میں انور مقصود نے 16 ویں 3 روزہ کراچی لٹریچر فیسٹیول (کے ایل ایف) میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مشہورِ زمانہ پروگرام ’لوز ٹاک‘ اور مرحوم معین اختر کی یادیں تازہ کیں۔
مزاح نگار نے دورانِ گفتگو بتایا کہ معین اختر کا کون سا کردار انہیں سب سے خاص لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگالی کرکٹر کا کردار سب سے خاص تھا، جس میں معین بنگالی ٹیسٹ کرکٹر بنے تھے، وہ ایسا کردار تھا کہ میرے پاس بنگلادیشی سفیر کی کال آئی، انہوں نے مجھے کہا کہ میں 10 منٹ تک یہ سمجھتا رہا کہ یہ ہمارے کرکٹر ہیں، اس کے بعد کسی نے مجھے بتایا کہ یہ انور مقصود کا پروگرام ہے، معین اختر کا وہ کردار کمال تھا۔
انور مقصود نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ آج یوٹیوب پر لوز ٹاک کی ویور شپ ملینز میں پہنچ گئی ہے، یہ معین کا کمال ہے اور لوگ سمجھتے ہیں کہ میں کروڑ پتی یا ارب پتی ہو گیا ہوں جبکہ ارب پتی وہ لوگ ہوئے ہیں جو پہلے سے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ معین نے صرف یہی نہیں بلکہ جو کردار نبھایا اسے خوب ادا کیا پھر چاہے وہ پٹھان ڈرائیور کا کردار ہو یا ادیب کا ہو، وہ اسکرپٹ صرف 2 مرتبہ پڑھنے کے بعد تمام کردار ون ٹیک میں پرفارم کرتے تھے، یہ صرف معین اختر ہی کر سکتے تھے اور کوئی نہیں۔