وہ نوجوان جس نے 2022 میں نامور بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کو خوفناک کار حادثے کے بعد بچایا تھا، اس وقت اتر پردیش کے ایک اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نوجوان نے اپنی 21 سالہ محبوبہ کے ساتھ زہر کھا کر خودکشی کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں لڑکی ہلاک ہوگئی جبکہ لڑکے کی حالت تشویشناک ہے۔
رپورٹس کے مطابق 25 سالہ نوجوان اور اس کی 21 سالہ محبوبہ نے تین دن قبل زہریلا مواد کھا لیا تھا کیونکہ ان کے خاندانوں نے ذات پات کے فرق کی وجہ سے ان کی شادی کی مخالفت کی تھی۔
اس افسوسناک واقعے میں لڑکی جانبر نہ ہو سکی جبکہ نوجوان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر دنیش تریپاٹھی جو نوجوان کا علاج کر رہے ہیں، نے بتایا کہ رِشبھ پنت کے ذاتی معاون کے مطابق کرکٹر آئندہ ایک دو دن میں اپنے محسن سے ملنے آسکتے ہیں۔
ڈاکٹر نے مزید کہا کہ نوجوان کی حالت میں کچھ بہتری آ رہی ہے لیکن وہ ابھی بات کرنے کے قابل نہیں ہے۔
نوجوان اور لڑکی کو فوری طور جس اسپتال منتقل کیا گیا وہ زہر خورانی کے کیسز کے علاج میں مہارت رکھتا ہے۔ تاہم لڑکی کو بعد میں دوسرے اسپتال لے جایا گیا لیکن اس کے اہل خانہ اسے گھر لے گئے، جہاں وہ ایک دن بعد چل بسی۔
لڑکی کی موت سے قبل مبینہ طور پر ایک ویڈیو میں اس نے اعتراف کیا کہ اس نے زہر کھایا کیونکہ اس کے والدین اس کی پسند کی شادی کے خلاف تھے۔
ادھر، لڑکی کے اہل خانہ نے پولیس میں شکایت درج کروائی ہے جس میں نوجوان پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے لڑکی کو زہر دیا۔ لڑکی کے والد نے بتایا کہ فی الحال وہ آخری رسومات میں مصروف ہیں لیکن جلد ہی پولیس سے کیس پر مزید کارروائی کا مطالبہ کریں گے۔
واضح رہے کہ 30 دسمبر 2022 کی علی الصبح بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کی مرسیڈیز کار دہلی۔دہرادون ہائی وے پر منگلور کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔
دو نوجوانوں نے، جن میں سے ایک اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے، کرکٹر کو فوری طور پر کار سے باہر نکالا اور قریبی اسپتال پہنچایا۔
اس وقت انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ جس شخص کو بچا رہے ہیں، وہ ایک مشہور کرکٹر ہے۔
بعدازاں رشبھ پنت نے سوشل میڈیا پر ان نوجوانوں کو ’ہیرو‘ قرار دیا اور بطور شکریہ انہیں اسکوٹر تحفے میں دیے۔
یہ افسوسناک خبر رِشبھ پنت کے مداحوں کے لیے بھی حیران کن ہے، جو اب اس نوجوان کی صحت یابی کےلیے دعاگو ہیں۔