دبئی میں شائقین کرکٹ نے ایک بار پھر ٹکٹ خریدنے کی بازی جیت لی، آئی سی سی چیمپئنر ٹرافی 2025 میں پاک بھارت ٹاکرے کے اضافی ٹکٹس بھی جھٹ پٹ فروخت ہوگئے۔ بھارتی ٹیم نے بھی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔
آئی سی سی نے شائقین کرکٹ کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی میں دبئی میں بھارت کے ہونے والے میچز کے آن لائن اضافی ٹکٹس کے فروخت کرنے کی نوید سنائی تو کرکٹ کے دیوانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
سب سے زیادہ دلچسپی شائقین نے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے پاک بھارت میچ کے ٹکٹ خریدنے میں دکھائی جس کے اضافی ٹکٹس منٹوں میں ہی بک گئے، جو شائقین پہلے ٹکٹس خریدنے سے رہ گئے تھے اُنہوں نے یہ ٹکٹ فوراً ہی خرید لیے۔
آن لائن خریداری کیلئے 20 سے 30 ہزار افراد کے درمیان کشمکش رہی۔
یہ ہائی وولٹیج میچ 23 فروری کو دبئی میں ہوگا۔
خیال رہے کہ گروپ اے میں موجود بھارت اپنا پہلا میچ بنگلادیش کے خلاف 20 فروری کو کھیلے گا جبکہ اسی گروپ میں ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا یعنی پاک بھارت میچ 23 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
اسکے بعد بھارتی ٹیم گروپ میں اپنا آخری میچ 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کےخلاف کھیلے گی۔
چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو دبئی میں ہوگا۔