ایک خاتون نے اسپیس ایکس کے بانی اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک کے 13 ویں بچے کی ماں ہونے کے دعویٰ کیا ہے، جس پر ایلون مسک کا ردِعمل بھی سامنے آ گیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا انفلوئنسر ایشلے سینٹ کلیئر نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ امریکی بلینیئر ایلون مسک کے 5 ماہ کے بچے کی ماں ہیں۔
26 سالہ خاتون ایشلے سینٹ کلیئر نے سوشل میڈیا پر پیغام شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے 5 ماہ قبل ایلون مسک کے بچے کو جنم دیا ہے لیکن بچے کی حفاظت کے لیے معلومات کو خفیہ رکھا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ چوں کہ میڈیا آج نہیں تو کل اس بات کو منظرِ عام پر لے آئے گا اس لیے خود ہی اس بات کو پبلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خاتون نے اس کے ساتھ ہی پرائیویسی کا خیال رکھنے کی بھی درخواست کی ہے۔
خاتون کی جانب سے مذکورہ دعوے کے بعد ایلون مسک کا بھی ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
ایلون مسک نے صرف ایک لفظ میں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’واہ‘۔
خیال رہے کہ ایلون مسک کے اس سے قبل 3 مختلف خواتین سے 12 بچے ہیں۔