بالی ووڈ انڈسٹری کی معروف ہدایتکارہ و یوٹیوبر فرح خان نے انکشاف کیا ہے انہوں نے ثانیہ مرزا کے ہاں اذہان مرزا ملک کی پیدائش پر انہیں 100 کا نوٹ دیا تھا۔
فرح خان نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر نیا وی لاگ شیئر کیا ہے جس میں انہیں ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا، ان کی بہن انعم مرزا اور بیٹے اذہان کی میزبانی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فرح خان نے اپنے وی لاگ میں معمول کے مطابق ناصرف خود کھانا بنایا بلکہ اپنی مہمان ثانیہ مرزا سے بھی ان کا پسندیدہ کھانا پکوایا۔
فرح خان نے اس دوران اپنے گھر آئے مہمان اذہان مرزا کو تحفہ بھی دیا۔
اذہان مرزا ملک کی جانب سے شرارتیں کرنے پر ثانیہ مرزا نے فرح خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اذہان آپ کو آڈیشن دے رہا ہے۔
اس پر فرح خان نے کہا کہ میں نے اذہان مرزا کو جو اس کی پیدائش پر 100 کا نوٹ دیا تھا وہ ضائع نہیں ہوا ہے، وہ 100 کا نوٹ اذہان کو اپنی فلم میں سائن کرنے کا معاوضہ تھا۔