پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی ایئرلائنز کی جاپان کیلئے پروازیں فوری طور پر بحال کی جائیں تاکہ جاپان میں مقیم 35 ہزار پاکستانیوں کو اپنے وطن آنے جانے میں سہولت حاصل ہو۔
اس حوالے سے ملک نور اعوان نے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ایک باضابطہ خط تحریر کیا جس میں انہوں نے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات کا ذکر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن کی براہ راست پروازیں بند ہونے کے باعث پاکستانیوں کو مہنگی اور طویل غیرملکی پروازوں پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے، جو ان کےلیے سخت پریشانی کا باعث ہے۔
ملک نور اعوان نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھے اور قومی ایئرلائنز کو جاپان کےلیے پروازیں بحال کرنے کی ہدایات جاری کرے۔
ان کے مطابق اس اقدام سے ناصرف پاکستانی کمیونٹی کو سفری سہولتیں میسر آئیں گی بلکہ قومی ایئرلائن کو بھی ایک مستحکم بین الاقوامی مارکیٹ میں دوبارہ اپنی جگہ بنانے کا موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب حکومت پاکستان قومی ایئرلائن کی بحالی اور بہتری کےلیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
جاپان میں مقیم پاکستانیوں کو امید ہے کہ اسحاق ڈار اس اہم مطالبے پر غور کریں گے اور جلد مثبت پیشرفت ممکن ہوگی۔