کراچی(نیوز ڈیسک )ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے دنیا کی سب سے بڑی سالانہ فوڈ اینڈ بیوریج نمائش گلف فوڈ 2025میں پاکستان کی 45 کمپنیز کی بھرپور شرکت کو ممکن بنایا۔ گلف فوڈ کا 30واں ایڈیشن 17 فروری کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں شروع ہو ا، جو 21فروری تک جاری رہے گا۔گلف فوڈ 2025میں 129ممالک کے 5ہزار سے زائد نمائش کنندگان اپنی 10 لاکھ سے زائد مصنوعات پیش کر رہے ہیں، جس سے یہ عالمی سطح پر فوڈ اینڈ بیوریج انڈسٹری کے رہنماؤں کے لیے ایک ممتاز پلیٹ فارم بن گیا ہے۔ جو کاروباری روابط استوار کرنے، تجارتی معاہدے کرنے اور مارکیٹ کےنئے رجحانات سے آگاہی حاصل کرنے کا شاندار موقع فراہم کر رہا ہے ۔ ٹی ڈیپ 45 پاکستانی کمپنیز کے وفد کی قیادت کر رہا ہے۔ پاکستانی پویلین میں چاول اور اجناس، پروسیسڈ فوڈز، مصالحہ جات، بیکری مصنوعات، باغبانی، جڑی بوٹیاں، شہد، گوشت، ڈیری مصنوعات، جوسز اور مشروبات جیسے کلیدی شعبوں کے نمائش کنندگان شریک ہیں۔ دبئی میں پاکستان کے قونصل خانے نے ایونٹ سے قبل انتظامات اور موقع پر سہولت کاری میں کلیدی کردار ادا کیا تاکہ پاکستانی نمائش کنندگان کی کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر سیکریٹری ٹی ڈیپ شہریار تاج نے کہا کہ گلف فوڈ 2025 میں پاکستان کی شرکت ہماری فوڈ اینڈ بیوریج سیکٹر میں عالمی رسائی کو وسعت دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔