اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آسیان میڈیا وفد نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد نے پاکستان آسیان کے اشتراک سے منعقدہ پروگرام کے تحت چیئرمین پیمرا محمد سلیم سے ملاقات کی۔ ۔ چیئرمین پیمرا محمد سلیم نے پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر زور دیا اس ملاقات کا مقصد پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانا، ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا، اور پیشہ ورانہ روابط کو مستحکم کرنا ہے۔ اس موقع پر آسیان کی نمائندگی آسیان سیکرٹریٹ کے کلچر اینڈ انفارمیشن ڈویژن کے سینئر افسران نوئل ہیڈل ٹین اور ویدیا لبریانی نے کی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا دونوں خطوں کے درمیان ثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ اس لئے ہم آسیان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے خواہاں ہیں تاکہ دونوں خطوں کے درمیان باہمی فہم اور تعاون کو بڑھایا جاسکے۔ اس موقع پر نوئل ہیڈل ٹین نے کہا کہ آسیان اور پاکستان کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ علاقائی امن اور ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ مس ویدیا لبریانی نے کہا کہ ثقافتی تبادلے اور میڈیا کے ذریعے ہم دونوں خطوں کے درمیان نئے پل تعمیر کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ممبر بیرسٹر سکندر رشید چوہدری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل لائسنسنگ (براڈکاسٹ میڈیا) وکیل خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز براڈ کاسٹ میڈیا اینڈ پی آر) محمد طاہر، ڈائریکٹر جنرل و سٹاف آفیسر چیئرمین سیکرٹریٹ تمثیل حیدر، ڈائریکٹر جنرل (لیگل) طاہر فاروق تارڑ اور کنسلٹنٹ میڈیا سعدیہ وداد بھی موجود تھیں۔