اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) چینی کی رعایتی نرخوں پر فراہمی، اصل CNIC نمبر نوٹ کر کے ھو گی،پنجاب کی چالیس کے پی کے کی چار اور سندھ کی اٹھائیس شوگر ملو ں نے تیاریاں کر لیں،پنجاب کی چالیس کے پی کے کی چار اور سندھ کی اٹھائیس شوگر ملوں نے رمضان المبارک 2025 کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کے فیصلے پر چینی کی رعایتی نرخوں پر فروخت کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ 15 فروری 2025 کو وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (PSMA) کے ساتھ منعقد ہوا تھا جس میں رمضان کے دوران چینی کی مناسب قیمت پر دستیابی کے لیے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں یہ طے پایا کہ پنجاب بھر کے ماڈل بازاروں اور سہولت بازاروں میں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ اس منصوبے کے تحت، PSMA چینی کو 130 روپے فی کلوگرام کی رعایتی قیمت پر فراہم کرے گی، جس میں ٹرانسپورٹ، پیکنگ اور دیگر اخراجات شامل ہوں گے۔