• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم کی کہانی سناتی تو لوگ ملاقات بیچ میں چھوڑ کر چلے جاتے: امر خان


پاکستان شوبز انڈسٹری میں مختصر وقت میں اپنی جگہ بنانے والی اداکارہ امر خان نے اپنی فلم ’دم مستم‘ کو بناتے وقت پیش آنے والی مشکلات پر روشنی ڈالی ہے۔

حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اداکارہ نے شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کی شروعات میں کی گئی جدوجہد پر گفتگو کی۔

شوبز انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے کے لیے کی جانے والی جدوجہد سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ بات سچائی سے بتانی چاہیے کہ ایسا مجھے محسوس ہوتا ہے کہ شاید اللّٰہ تعالیٰ نے میرے نصیب میں اتنی محنت و جدوجہد نہیں لکھی جتنی میری پچھلی نسل کے لیے لکھی تھی۔

انہوں نے اپنی والدہ کی محنت و جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مجھ سے ایک نسل پہلے، جو میری والدہ کی زندگی تھی اس میں انہوں نے بہت محنت کی، بہت جدوجہد اور قربانیاں دیں، انہوں نے تنگ دستی کی حالت میں زندگی گزاری، میرا خیال ہے کہ شاید اللّٰہ تعالیٰ ایک نسل کو اتنی آزمائش میں اس لیے ڈالتا ہے تاکہ اگلی نسلیں اس کا پھل کھا سکیں۔

امر خان نے کہا کہ جب سے میں نے آنکھ کھولی ہے اس وقت سے اللّٰہ تعالیٰ نے میرا نصیب بہت اچھا لکھا ہے، تھوڑی بہت جدو جہد کی ہے جسے میں جدوجہد نہیں سمجھتی۔

اداکارہ کے جواب پر میزبان نے کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی ان کی فلم ’دم مستم‘ سے متعلق پوچھا کہ کیا فلم یوں ہی بن گئی؟

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوں تو نہیں بنی، 3 سال تک اس کے لیے جدوجہد کی، یونیورسٹی کے آخری سیمسٹر میں فلم لکھی اور کراچی واپس آنے کے بعد یہاں کے جتنے بھی چینلز، پروڈیوسرز اور ڈسٹری بیوٹرز تھے ان سے باری باری ملاقات کی، 2، 2 گھنٹے بیٹھ کر انہیں اسکرپٹ سنایا، بعض لوگ تو ملاقات بیچ میں چھوڑ کر چلے گئے لیکن میں پھر بھی ان لوگوں کو ڈھائی ڈھائی گھنٹے بیٹھ کر فلم کی کہانی سناتی تھی جن کے ہاتھ میں کچھ نہیں تھا۔

امر خان نے بتایا کہ ان تجربات سے گزرنے کے بعد اشک بار ہو کر اللّٰہ سے دعا کی کہ مجھے ہمت عطاء کریں اور اس طرح لوگوں کے سامنے خوار نہ کریں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ کئی مرتبہ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ یونیورسٹی سے نئی نئی تعلیم حاصل کر کے آنے والی لڑکی پر کوئی پیسہ کیوں لگائے گا؟ لوگ آپ کے بجائے ہمایوں سعید اور شان کی فلم پر سرمایہ کاری کریں گے۔

اداکارہ نے کہا کہ ہر کوئی مجھے یہی مشورہ دیتا کہ میں فلم بنانے کا خواب چھوڑ کر اداکاری پر توجہ دوں، لیکن میں بھی ڈھیٹ ہوں، اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ڈٹی رہی اور بلآخر اپنا مقصد حاصل کر کے ہی رہی۔

واضح رہے کہ فلم ’دم مستم‘ کو 2022ء میں ریلیز کیا گیا تھا، اس فلم کا اسکرین پلے امر خان نے لکھا اور مرکزی کردار بھی نبھایا تھا، فلم نے باکس آفس پر 7 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید