• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب کرینہ کپور نے فلم ’دیوداس‘ سے نکالے جانے پر سنجے لیلا بھنسالی سے بدتمیزی کی

—فائل فوٹوز
—فائل فوٹوز

بالی ووڈ کی سرِفہرست اداکارہ کرینہ کپور نے ماضی میں ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کو کنفیوز انسان قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ کبھی نہ کام کرنے کی ٹھانی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور اور سنجے لیلا بھنسالی کے درمیان برسوں سے چلتی آ رہی چپقلش کا آغاز فلم ’دیوداس‘ سے ہوا تھا۔

یاد رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی شاہ رخ خان اور ایشوریا رائے کی بلاک بسٹر فلم ’دیوداس‘ 2002ء میں ریلیز ہوئی تھی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایشوریا رائے دیوداس کے لیے پہلی پسند نہیں تھیں بلکہ کرینہ کپور کی جانب سے کیے گئے ایک دعوے کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی نے ایشوریا سے قبل کنٹریکٹ ان کے ساتھ سائن کیا تھا۔

بالی ووڈ کی بے بو کے مطابق ’پارو‘ کا کردار میں ادا کرنے والی تھی لیکن میری جگہ ایشوریا رائے بچن کو فلم میں لے لیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کرینہ کپور کو ڈائریکٹر سنجے کی جانب سے اس کردار سے ہٹائے جانے پر اس قدر صدمہ پہنچا کہ انہوں نے دوبارہ کبھی سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ کام نہ کرنے کی ٹھان لی۔

میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کرینہ کپور نے سنجے لیلا بھنسالی کے فلم ’دیوداس‘ سے نکالے جانے پر باقاعدہ ان سے بدتمیزی کی اور انہیں برا بھلا کہا تھا۔

2002ء میں فلم فیئر کے ساتھ ایک انٹرویو میں اداکارہ نے کہا تھا کہ سنجے لیلا ایک کنفیوز ڈائریکٹر ہیں، وہ اپنے وعدوں کو پورا نہیں کرتے، ان کی کوئی اخلاقیات اور اصول نہیں ہیں، سنجے نے کہا کہ میری فلمیں نہیں چلتیں، اگر میں فلاپ اداکارہ ہوں تو میں آئندہ ان کے ساتھ کبھی کام نہیں کروں گی چاہے میرے پاس کام ہو یا نہ ہو۔

کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ سنجے لیلا نے میرے ساتھ جو کیا وہ غلط تھا، انہوں نے دیوداس کے لیے میرا اسکرین ٹیسٹ کیا، مجھے سائننگ اماؤنٹ دیا اور پھر میری جگہ کسی اور کو لے آئے، اس سے مجھے بہت تکلیف ہوئی کیونکہ یہ میرے کیریئر کا آغاز تھا۔

دوسری جانب سنجے لیلا بھنسالی نے اپنے مؤقف میں بتایا تھا کہ کرینہ کپور کے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کرینہ سے کبھی وعدہ نہیں کیا تھا کہ میں انہیں دیوداس میں کردار دوں گا۔

ڈائریکٹر نے انکشاف کیا تھا کہ کرینہ کپور نیتا لولا کے ساتھ میرے گھر آئی تھیں اور کہا تھا کہ وہ میرے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں، میں نے انہیں بتایا کہ میں نے ان کا کام نہیں دیکھا اور انہیں کاسٹ کرنے سے پہلے، مجھے یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ وہ کتنی قابل ہیں۔


سنجے لیلا کا کہنا تھا کرینہ کپور کے آڈیشن کے دوران ببیتا جی اور کرشمہ کپور بھی موجود تھیں، میں نے ان سب پر واضح کیا تھا کہ آڈیشن اس بات کی تصدیق نہیں ہے کہ میں کرینہ کو  بطور ہیروئن کاسٹ کروں گا۔

سنجے لیلا کا مزید کہنا تھا کہ کرینہ کی تصاویر دیکھنے کے بعد میں نے انہیں بتا دیا تھا کہ ایشوریا رائے فلم دیوداس میں ’پارو‘ کے کردار کے لیے بالکل فٹ اور پرفیکٹ ہیں۔

ہدایتکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ فلم میں کاسٹ کرنے کا وعدہ اور معاوضہ ادا کرنے سے متعلق کرینہ کپور کے سب دعوے بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید