• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وہاج علی کی کامیابی کی کہانی سامنے آگئی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار وہاج علی خان نے اپنی بے مثال اداکاری اور محنت کے ذریعے کامیابی کی نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔

 جیو ٹی وی کے سپر ہٹ ڈرامے ’تیرے بن‘ کی غیرمعمولی کامیابی کے بعد وہ پاکستان کے سب سے زیادہ مقبول اداکاروں میں شمار کیے جانے لگے۔

معروف پاکستانی سرجن اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عمر عادل نے حال ہی میں وہاج علی کی کامیابی کی حیران کن کہانی بیان کی ہے، جس نے مداحوں کے دل جیت لیے۔

ڈاکٹر عمر عادل نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ چند سال پہلے ریما ایک شو کر رہی تھیں، اور میں ان کی تحریری کام میں مدد کر رہا تھا، انہوں نے مجھ سے کہا کہ وہ ایک لڑکے کو میرے پاس بھیج رہی ہیں، میں اس لڑکے کو ان کا اسکرپٹ دے دوں۔

انہوں نے کہا کہ پھر ایک نوجوان میرے پاس آیا، جو انتہائی مہذب، بااخلاق اور شائستہ تھا، میں محسوس کر سکتا تھا کہ وہ انتہائی محدود وسائل میں زندگی گزار رہا تھا اور بے حد محنتی تھا۔

ڈاکٹر عمر عادل نے کہا کہ وہ مجھ سے اسکرپٹ لے کر چینل پہنچاتا اور پھر ریما کو واپس دیتا، وہ محنتی نوجوان آج کا سپر اسٹار وہاج علی ہے، ہم خوش قسمت ہیں کہ ہماری انڈسٹری میں ایسے محنتی اور باصلاحیت لوگ موجود ہیں۔

واضح رہے کہ وہاج علی نے اپنی فنی زندگی کا آغاز  بطور لائن پروڈیوسر کیا تھا، جہاں انہوں نے کئی مشہور اینکرز  بشمول نادیہ خان کے ساتھ بھی کام کیا۔

بعدازاں اپنی محنت اور لگن کے باعث انہوں نے جلد ہی اداکاری میں قدم رکھا اور اپنے فن سے سب کو حیران کر دیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید