بھارت کے فاسٹ بولر محمد شامی کا کہنا ہے کہ میں 2015ء سے دن میں صرف ایک بار کھانا کھاتا ہوں جبکہ ناشتہ اور دوپہر کا کھانا چھوڑ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد شامی نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنا وزن کنٹرول کرنے کی خاطر دن میں صرف ایک بار کھانا کھاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا ہے کہ گزشتہ 14 مہینوں کے دوران میں نے 9 کلو وزن کم کیا ہے تاکہ مکمل صحت یاب ہو کر اچھی پرفارمنس دے سکوں۔
ان کا کہنا ہے کہ 2015ء سے اپنی فٹنس برقرار رکھنے کے لیے دن میں صرف ایک بار کھانا کھاتا ہوں۔ وزن کم کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے، کھانے کا پہلے بھی شوقین نہیں تھا جبکہ میٹھے سے بھی دور رہتا ہوں۔
خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بنگلادیش کے خلاف پہلے میچ میں محمد شامی نے 53 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔