آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچ کے لیے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے شاہینوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر دیا۔
قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ دعائیں پاکستان ٹیم کے ساتھ ہیں، قومی ٹیم کے لیے بیسٹ آف لک، پاکستان ٹیم اچھا کھیلے گی اور بھارت کو ہرا کر ملک کا نام روشن کرے گی۔
دوسری جانب کراچی، لاہور، راولپنڈی اور پشاور سمیت ملک بھر میں شائقین چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچ کے لیے پُرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔
شائقین کہتے ہیں کہ آج پاکستان ضرور جیتے گا، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ وکٹیں اڑائیں گے۔
فیصل آباد، میانوالی، ملتان، گوجرانوالہ، کمالیہ، بنوں، صوابی سمیت ملک بھر کے شائقین پاکستان کی جیت کے لیے پُرامید ہیں۔
کراچی میں بھی پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے سی ویو کے قریب نشانِ پاکستان پر بڑی اسکرین لگائی گئی ہے جہاں شائقین کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کے لیے موجود ہے۔
اس سے قبل سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما کیریئر کے اختتام پر اپنی ٹیم کے لیے کچھ کرنا چاہیں گے، پاکستان ٹیم نے انہیں جلد آؤٹ کر لیا تو بھارت کے خلاف ان کے لیے بہت بڑا چانس ہوگا۔
سابق ٹیسٹ اوپنر مدثر نذر کے مطابق پاکستان کو اٹیکنگ کرکٹ کھیلنی چاہیے۔ اسٹیڈیم میں بھارتی تماشائی زیادہ ہوتے ہیں اٹیک نہیں کریں گے تو دباؤ بڑھ جاتا ہے۔