انتظار کی گھڑیاں ہوگئیں ختم، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کا سب سے بڑا میچ پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لیے دونوں ممالک کے شائقین اسٹیڈیم پہنچ گئے۔
دونوں ممالک کے پُرجوش شائقین بڑے مقابلے سے قبل ہی خوب تیاریوں کے ساتھ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پہنچ گئے تھے۔
شائقین نے اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرنے کے لیے اپنے اپنے قومی پرچم اور دونوں ممالک کی جرسیان پہن کر دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کا رخ کیا۔
فینز پر کرکٹ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے کوئی پیدل تو کوئی گھوڑوں پر سوار ہوکر میچ دیکھنے آیا۔
اس کے علاوہ دنیا بھر میں اور سرحد کے دونوں طرف کروڑوں مداح ٹی وی اسکرینز کے سامنے جم کر بیٹھ گئے ہیں۔
دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ سوشل میڈیا پر بھی اپنی ٹیموں کو بھرپور طریقے سے سپورٹ کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کا یہ اس ٹورنامنٹ میں دوسرا میچ ہوگا۔ پاکستان کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے شکست دی تھی جبکہ بھارت نے اپنا پہلا میچ بنگلادیش کے خلاف جیتا تھا۔