وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کا سرمایہ ہیں اوورسیز میں پاکستانی صحافیوں کی خدمات قابل قدر اور حوصلہ افزاء ہیں۔ اوورسیز منسٹری ٹھوس اقدامات کر کے ان کے تجربات سے استفادہ حاصل کرے گی تاکہ پاکستان کا مثبت چہرہ اُجاگر کرنے میں مدد ملے۔
وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اینڈ ہیومن ر یسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین نے ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جر نلٹس (آئی اے پی جے) کی مرکزی قیادت کی تقریب حلف برداری سے کیا۔
سنئیر صحافی و دانشور مجیب الرحمن شامی نے آئی اے پی جے کے عہدیداران سے حلف لیا۔ جنوبی افریقہ میں پاکستان کے سنئیر صحافی شاہد چوہان صدر، امریکا کے سنیئر صحافی خرم شہزاد چیئرمین، وسیم چوہدرہی یو کے سینئر نائب صدر، مہوش خان جرمنی جنرل سیکرٹری اور زاہد مصطفیٰ اعوان پیرس ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز آئندہ دو سالوں کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔
اس موقع پر چئیرمین او پی ایف سید قمر رضا بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
زوم میٹنگ پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ وہ آئی اے پی جے کے پلیٹ فارم سے اوورسیز پاکستانی صحافیوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ اوورسیز صحافیوں کو موجودہ حکومت میں انکی اہمیت کو اُجاگر کیا جائیگا اور انکے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔
حلف برادری تقریب میں امریکا، برطانیہ، جرمنی، جنوبی افریقہ، فرانس، ملائشیا، مڈل ایسٹ، یورپ، سمیت دنیا کے 40 ممالک سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانی صحافیوں نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک اور سید قمر رضا نے صحافیوں کے مطالبات پر ٹھوس حکمت عملی بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔