اقوامِ متحدہ کی فلسطینی امدادی ایجنسی انروا کے کمشنر جنرل فلپ لا زارینی نے مقبوضہ مغربی کنارے کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کمشنر جنرل فلپ لا زارینی نے مقبوضہ مغربی کنارے کے حوالے سے کہا ہے کہ مغربی کنارا میدان جنگ بن گیا ہے اور اس کشیدگی سے فلسطینیوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مغربی کنارے میں شہری تنصیبات اور سڑکوں کی تباہی معمول بن چکی ہے، لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندیں لگائی جا رہی ہیں۔
کمشنر فلپ لا زارینی نے مزید کہا ہے کہ یہاں خوف اور غیر یقنی چھائی ہوئی ہے، پناہ گزینوں کے تباہ شدہ کیمپ کھنڈر کا منظر پیش کر رہے ہیں، انروا کے زیرِ انتظام اسکولوں میں زیرِ تعلیم 5 ہزار سے زائد بچوں کے لیے 10 ہفتوں سے تعلیم کا سلسلہ رُکا ہوا ہے۔ مزید یہ کہ ہزاروں خاندان پانی و بجلی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس تباہی سے موت اور نقل مکانی اب بہت ہو چکی، اب اس سلسلے کو روکنا ہو گا۔