• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوگل ایڈ کے ذریعے غلط معلومات، اسرائیل ’’انروا‘‘ ارکان کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہا ہے، فلپ لازارانی

برسلز (حافظ اُنیب راشد) فلسطینی عوام کیلئے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسی کے کمشنر جنرل فلپ لازارانی نے کہا ہے کہ اسرائیل گوگل ایڈ کے ذریعے غلط معلومات پھیلا کر ان کے ادارے کے ارکان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر جاری پیغام میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی جنگ میں غلط معلومات پھیلانے کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ UNRWA کو کمزور اور بدنام کرنے کی مہم کے ایک حصے کے طور پر اسرائیل کی حکومت صارفین کو ایجنسی کو عطیات دینے سے روکنے کیلئے Google پر اشتہارات خرید رہی ہے اور ایجنسی کے خلاف ہتک عزت کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید تحریر کرتے ہوئے واضح کیا کہ UNRWA غزہ کے بحران کا جواب دینے والی سب سے بڑی انسانی تنظیم ہے۔ اس سے نہ صرف ایجنسی کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سے ہمارے عملے کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ غلط معلومات پھیلانے کی جان بوجھ کر کی جانے والی ان کوششوں کو روکنا چاہئے اور اس کی تحقیقات بھی ہونی چاہئے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سمیت کمپنیاں غلط معلومات پھیلا کر منافع کماتی رہتی ہیں ۔ انہوں نے زور دیا کہ غلط معلومات ،نفرت انگیز تقریر کا مقابلہ کرنے کیلئے مزید ضوابط کی ضرورت ہے۔

یورپ سے سے مزید