برطانیہ کے علاقے نارتھ یارکشائر میں پولیس نے ایک مقتول خاتون کی لاش کی تلاش کے دوران اس کی باقیات برآمد کی ہیں۔
2013ء میں شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی رانیا الاید نامی خاتون 3 بچوں کی والدہ تھی، جس کی لاش کی تلاش کئی برسوں سے جاری تھی، تاہم منگل کے روز پولیس کو نئی معلومات ملنے کےبعد تھرسک کے قریب انسانی باقیات دریافت ہوئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی باقیات کی اگرچہ باضابطہ شناخت ابھی باقی ہے، تاہم ہمیں قوی یقین ہے کہ یہ باقیات رانیا الاید کی ہیں۔
مقتولہ کے بیٹے یازان کا کہنا ہے کہ 11 سال بعد میری ماں کی باقیات کا ملنا ہمارے لیے ایک غیر حقیقی لمحہ ہے، ہماری بس یہی خواہش تھی کہ ان کی آخری رسومات ادا کر سکیں اور ان کی قبر پر کچھ پھول رکھ سکیں۔
پولیس کے مطابق مانچسٹر کے علاقے گارٹن سے تعلق رکھنے والی مقتولہ کے شوہر احمد الخطیب کو اہلیہ کے قتل کے جرم میں 2014ء میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ رانیا الاید کا تعلق شام سے تھا، وہ 15 سال کی عمر میں احمد الخطیب سے شادی کے بعد مشرقِ وسطیٰ سے فرار ہو کر انگلینڈ آئی تھی۔
ان کے 3 بچے تھے، لیکن شادی کے دوران احمد کی جانب سے کیے جانے والے تشدد کے باعث رانیا نے اسے چھوڑ دیا تھا۔