• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناصر ادیب نے بیٹی زویا ناصر کیلئے فلم لکھنے سے انکار کیوں کیا؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

مشہور پاکستانی مصنف ناصر ادیب نے اپنی بیٹی اداکارہ زویا ناصر کے لیے فلم نہ لکھنے کی وجہ بتا دی۔

ناصر ادیب نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں  شو کے دوران میزبان نے ان سے یہ سوال پوچھا کہ آپ کی بیٹی زویا ناصر بہت ذہین اور خوبصورت اداکارہ ہیں لیکن وہ ملک کی صفِ اوّل کی اداکاراؤں میں اپنی جگہ نہیں بنا سکیں، اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟

اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے وہ اس معیار کا کام نہیں کر سکیں کہ صفِ اوّل کی اداکاراؤں میں اپنی جگہ بنا سکیں۔

ناصر ادیب نے کہا کہ میں نے اپنی بیٹی کی آج تک کبھی کسی سے سفارش نہیں کی اور بیٹی کو یہ پہلے ہی بتا دیا کہ مجھ سے کبھی کسی قسم کی سفارش کی امید نہیں کرنا بلکہ صرف وہ کام کرنا جو آپ کو اپنے ٹیلنٹ کی بنیاد پر ملے ورنہ کسی سے کام مانگنے نہیں جانا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر میری بیٹی اپنے کیریئر میں ایک جگہ آ کر ٹھہر گئی ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ اس میں اتنا ہی ٹیلنٹ ہو گا اور اگر اس میں زیادہ ٹیلنٹ ہے تو پھر وہ کبھی نہ کبھی سامنے آ ہی جائے گا کیونکہ ٹیلنٹ کبھی چھپ نہیں سکتا۔

ناصر ادیب نے کہا کہ میری بیٹی نے انڈسٹری میں جن لوگوں کے ساتھ کام کیا اور جتنا بھی کام کیا سب نے اس کے کام کی تعریف کی کسی نے اس کے کام میں نقص نہیں نکالے تو میرے لیے یہی بڑی بات ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے اپنی بیٹی کے لیے فلم لکھنے کا کبھی نہیں سوچا اور نہ ہی کبھی لکھوں گا کیونکہ میرے حساب سے وہ فلموں کے لیے مناسب انتخاب نہیں ہے وہ صرف ڈراموں میں ہی زیادہ اچھا کام کر سکتی ہے۔

ناصر ادیب نے کہا کہ جب زویا ناصر نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا تو اس کے بھائیوں نے اعتراض کیا لیکن میں نے اسے کبھی منع نہیں کیا۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے زویا سے صرف اتنا کہا تھا کہ بیٹا بس کوئی ایسا کام نہیں کرنا جس سے میرا سر شرم سے جھک جائے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید