بھارتی اداکار اور سماجی کارکن سونو سود نےچنئی میں سڑک کنارے ساؤتھ انڈین کھانے کا تجربہ کیا اور خود ڈوسا بھی بنایا۔
سونو سود ہمیشہ اپنی انسانی ہمدردی اور فلاحی کاموں کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں، وہ نہ صرف ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہیں بلکہ چھوٹے کاروبار کو بھی فروغ دینے میں پیش پیش رہتے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے چنئی کے ایک اسٹریٹ فوڈ اسٹال کا دورہ کیا، جہاں مزیدار ساؤتھ انڈین کھانے فروخت کیے جا رہے تھے۔
بھارتی اداکار نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ اس فوڈ اسٹال کی مالکن شانتی کا تعارف کرواتے نظر آئے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ وہ اسٹال پر بننے والے کھانے کا مزہ لے رہے ہیں، اسٹال پر سامبر، اڈلی، وڑا اور ناریل چٹنی کی بڑی بالٹیاں نظر آئیں۔
سونو سود نے پلیٹ میں 3 اڈلی اور 2 وڑے لیتے ہوئے بتایا کہ اس کی قیمت صرف 35 روپے ہے، جس پر لوگ حیران رہ گئے۔
شانتی نے اداکار کو مزید رعایت دیتے ہوئے 30 روپے میں یہ کھانا پیش کیا۔
بعد ازاں سونو سود نے خود شیف بننے کی کوشش کی اور ڈوسا بنانے لگے۔
شانتی نے بتایا کہ ایک سادہ ڈوسا کی قیمت 15 روپے ہے، لیکن سونو سود نے مزاحیہ انداز میں قیمت دُگنی کر کے 30 روپے کر دی۔
انہوں نے اپنے ہاتھ سے تیار کردہ ڈوسا اپنی ٹیم کو بھی پیش کیا۔
ادادکار کے اس عمل کو مداحوں نے بے حد سراہا، سوشل میڈیا پر ان کے اس اقدام کو چھوٹے کاروباری افراد کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام قرار دیا جا رہا ہے۔