بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کو موٹاپے کا طعنہ دینے والی بھارتی اپوزیشن پارٹی کانگریس کی ترجمان ڈاکٹر شمع محمد نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ ڈیلیٹ کر دی۔
ڈاکٹر شمع محمد نے روہت شرما کے نیوزی لینڈ کے خلاف 15 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ٹیم کے کپتان روہت شرما کی فٹنس پر سوال اُٹھایا تھا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ روہت شرما کھلاڑی کے لحاظ سے موٹے ہیں، انہیں وزن کم کرنے کی ضرورت ہے اور وہ اب تک سب سے غیر متاثر کن کپتان ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کانگریس کی ترجمان کے ریمارکس کو نامناسب قرار دیا گیا اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اس صورتِ حال پر کانگریس کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر انہیں گزشتہ روز ہونے والے میچ کے دوران ہی اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کرنی پڑ گئی۔