• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹی کی تصاویر کیوں شیئر نہیں کرتی؟ حبا بخاری نے وجہ بتا دی

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور اداکارہ حبا بخاری نے بیٹی آیا نور کی تصاویر شیئر نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔

 حبا بخاری اپنی جاندار اداکاری اور خوبصورتی کی وجہ سے لاکھوں مداحوں کے دلوں پر راج کرتی ہیں، آج کل ان کا ڈرامہ جاں نثار غیر  معمولی کامیابی حاصل کر چکا ہے، جسے تقریباً 3 ارب ویوز مل چکے ہیں۔

حبا بخاری نے 2022ء میں اداکار اریز احمد سے شادی کی اور اب دونوں بیٹی آیانور کے والدین بن چکے ہیں۔

حالیہ دنوں اداکارہ نے ایک رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی، جس کی میزبانی فیصل قریشی کر رہے تھے، اس دوران انہوں نے اپنی بیٹی آیا نور کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کی وجہ بتائی۔

حبا بخاری نے بتایا کہ ہم نے آیا نور کا نام بہت تحقیق کے بعد رکھا، اس کا مطلب چاندنی ہے، جو ایک بہت خوبصورت نام ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ وہ ابھی بہت چھوٹی ہے، اس لیے میں اسے سوشل میڈیا پر نہیں لانا چاہتی،  بہت سے مداح ہماری خوشیوں میں شریک ہیں اور ہماری بیٹی کو دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن ہم مناسب وقت پر ہی اس کا تعارف کرائیں گے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ جب ہم باہر جاتے ہیں تو لوگ ہماری بیٹی کی تصاویر لینے کی کوشش کرتے ہیں اور جب ہم انہیں منع کرتے ہیں تو بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ہم بدتمیزی کر رہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم اپنی بیٹی کی پرائیویسی کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

حبا بخاری نے یہ بھی کہا کہ مجھے آریز احمد جیسا شوہر ملنے پر خوشی ہے جو ایک خیال رکھنے والے شوہر اور محبت کرنے والے باپ ہیں۔

حبا بخاری کے اس بیان کے بعد ان کے مداحوں نے ان کے فیصلے کی حمایت کی اور آیا نور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

مداحوں نے کہا ہے کہ والدین کا حق ہوتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی پرائیویسی کو برقرار رکھیں اور سوشل میڈیا کے دباؤ میں آ کر اپنی زندگی کے اہم لمحات سب کے ساتھ شیئر نہ کریں۔

یاد رہے کہ حبا بخاری اور آریز احمد کی جوڑی کو شوبز انڈسٹری کی بہترین جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید