اسلام آباد(صالح ظافر) سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پیر کے روز ہوٹل میں ایک شاندار افطار ڈنر کی میزبانی کی، جس میں مختلف نظریات کے رہنماؤں، وفاقی وزراء اور جڑواں شہروں کی نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔وفاقی وزراء پروفیسر احسن اقبال، شزا فاطمہ خواجہ، عطا اللہ تارڑ، سینیٹر مصدق مسعود ملک، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کے سیکریٹری جہانزیب خان، اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق خصوصی طور پر نمایاں رہے۔یہ تقریب وفاقی دارالحکومت کے پہلے چھ ستارہ ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایڈیشنل فارن سیکریٹری شہریار اکبر خان بھی مہمانوں میں شامل تھے۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بدھ (کل) سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں تاکہ جمعہ (7 مارچ) کو جدہ میں منعقد ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کر سکیں۔