احمد آباد( جنگ نیوز) گجرات کے اے سی پٹیل نے اپنے آپ کو کچھ لمحوں کے لیے خود کو پاکستانی شہری محمد نذیرحسین ظاہر کیا، لیکن وہ لمحہ ہی اس کے لیے سب سے بھاری ثابت ہوا۔ امریکی حکام نے اس جعلسازی کو بے نقاب کر دیا اور پٹیل کو پاکستانی شہری کے نام اور شہریت والے جعلی پاسپورٹ کے ساتھ پکڑ لیا۔پٹیل کو امریکی حکام نے ڈی پورٹ کر کے 12فروری کو دہلی ایئرپورٹ پہنچا دیا، جہاں فلائٹ AA-292سے اترتے ہی اسے گرفتار کر لیا گیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد، امریکی حکام نے غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ میں تین خصوصی پروازوں کے ذریعے 74 گجراتیوں سمیت درجنوں بھارتی شہریوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔