عرب سربراہ آج قاہرہ میں منعقد ہونے والے خصوصی اجلاس میں غزہ جنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل کے لیے اکھٹے ہو رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کے حوالے سے مختلف سربراہانِ مملکت اور نمائندوں کی قاہرہ آمد کے سلسلے میں اطلاعات مل رہی ہیں۔
عراقی خبر ایجنسی نے عراقی صدر عبد اللطیف رشید کی قاہرہ پہنچنے کی تصدیق کر دی ہے۔
سربراہی اجلاس میں غزہ کے شہریوں کی کسی اور ملک منتقلی کو مسترد کیا جائے گا، فلسطینیوں کو اُن کی سر زمین سے بے دخل کرنے کی کسی بھی ممکنہ کوشش کو روکنے کے لیے قانونی اور بین الاقوامی اقدامات اٹھانے کے لیے عرب قیادت میں اتفاقِ رائے پر زور دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے اور انہیں مصر اور اُردن میں بسانے کے حوالے سے بیان دیا تھا، جس پر عرب قیادت سمیت اسلامی ممالک نے شدید ردعمل دیا تھا۔