• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کون فہد مصطفیٰ ہے؟ میں نہیں جانتا: ٹک ٹاکر رجب بٹ

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

مشہور یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر رجب بٹ نے اداکار فہد مصطفیٰ کو کرارا جواب دے دیا۔

 رجب بٹ اپنی متنازع ویڈیوز اور بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں،  اس بار ان کا سامنا کسی اور سے نہیں بلکہ پاکستان کے معروف اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ سے ہو گیا ہے۔ 

رجب بٹ نے ایک حالیہ انٹرویو میں فہد مصطفیٰ کے بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور ان کے بارے میں حیران کن دعویٰ بھی کر دیا۔

 ان کا کہنا ہے کہ بڑے ٹی وی چینلز انہیں مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں اور ان کے خلاف بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔

ٹک ٹاکر نے انکشاف کیا کہ میں اکثر اپنا فون ایئر پلین موڈ پر رکھتا ہوں کیونکہ میڈیا ہاؤسز میرے خلاف جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ روزانہ میری ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں اور ساتھ عجیب و غریب کیپشنز لگا دیتے ہیں جیسے کہ میں نشے میں تھا یا غیر اخلاقی حرکات کر رہا تھا، مجھے نہیں معلوم کہ یہ سب کیوں ہو رہا ہے، لیکن یہ روزانہ ٹک ٹاک پر دیکھنے کو ملتا ہے۔

انٹرویو کے دوران میزبان نے جب ان سے پوچھا کہ فہد مصطفیٰ کے بیان پر کیا کہیں گے جس میں انہوں نے کہا کہ فیملی ولاگرز اپنی فیملی بیچتے ہیں اور یہ وہ کام ہے جو میں کبھی نہیں کر سکتا۔

رجب بٹ نے حیران کن انداز میں کہا کہ فہد مصطفیٰ کون ہے؟ میں انہیں جانتا تک نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی ایسے شخص کی عزت نہیں کر سکتا جو خود سینئر ہونے کے باوجود اس طرح کے بیانات دے، میں اپنی لائن میں رہ کر اپنا کام کرتا ہوں، لیکن یہ اداکار خود دوسروں کی فیملیز کو بیچ رہے ہیں اور ہمیں لیکچر دے رہے ہیں۔

رجب بٹ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، فہد مصطفیٰ کے مداحوں نے ان کی حمایت میں کہا کہ وہ ایک باعزت اداکار اور پروڈیوسر  ہیں اور ان کا بیان حقیقت پر مبنی تھا۔

جبکہ یوٹیوبر کے حامیوں نے ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ فہد مصطفیٰ جیسے اداکار بھی میڈیا کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور بلاوجہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید