• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیوڈ وارنر تیلگو سنیما میں شاندار ڈیبیو کیلئے تیار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کی بھارتی سنیما خصوصاً الو ارجن کی فلموں سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ کورونا وبا کے دوران، وارنر اکثر اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ الو ارجن کے مشہور گانوں اور ڈائیلاگ کی نقل کرتے ہوئے ویڈیوز شیئر کرتے رہے۔

اب وہ بالآخر تیلگو فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے جا رہے ہیں لیکن حیران کن طور پر یہ ڈیبیو الو ارجن کی فلم میں نہیں ہوگا، جیسا کہ بیشتر مداحوں کو امید تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق میتری موویز کے پروڈیوسر روی شنکر نے دھماکا خیز انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیوڈ وارنر جلد ہی تیلگو سنیما میں ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وینکی کُڈومُلا کی ہدایت کاری میں بننے والی نیتن اور سری لیلا کی فلم "رابن ہُڈ" میں آسٹریلوی کرکٹر ایک زبردست کردار ادا کریں گے۔

ایونٹ کے دوران جب اینکر نے فلم کی تفصیلات دریافت کیں تو پروڈیوسر پہلے ہچکچائے، مگر نیتن کے اشارے پر انہوں نے کہا: "اس فلم میں ایک خاص کیمیو (مہمان کردار) ہے۔ میں نہیں جانتا کہ مجھے یہ بتانا چاہیے یا نہیں۔ لیکن چلو، میں بتا دیتا ہوں، ڈیوڈ وارنر اس فلم میں ایک مختصر مگر زبردست کردار نبھا رہے ہیں۔"

گزشتہ سال ستمبر میں آسٹریلوی میڈیا نے ڈیوڈ وارنر کی ایک بھارتی فلم کے لیے شوٹنگ کی تصاویر لیک کردی تھیں۔ انہیں میلبرن میں فلم کی شوٹنگ کے دوران سفید شرٹ میں ملبوس دیکھا گیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید