شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان نے پاکستان میں مارننگ شوز کے عروج اور زوال پر بات کی ہے۔
اداکارہ نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس موقع پر جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر بات کی وہیں مارننگ شوز سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار بھی کیا۔
نادیہ خان نے کہا کہ پاکستان میں اب مارننگ شوز کہاں ہیں، اب ٹی وی چیلنز پر چند شوز ہی باقی رہ گئے ہیں، آج کل کے مارننگ شوز کی کوالٹی اتنی خراب ہے کہ لوگوں نے انہیں دیکھنا بند کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستان کے مارننگ شوز مقامی اور بین الاقوامی سطح پر دیکھے جاتے تھے لیکن اب ہر چینل کی اپنی کہانی ہے، ڈرامے ہر چینل پر غالب آ گئے ہیں اور وہ مارننگ شوز نہیں بنانا چاہتے کیونکہ وہ ڈراموں سے زیادہ پیسے کما رہے ہیں۔
نادیہ خان کا کہنا ہے کہ جب ہم معیار پر سمجھوتہ کرتے ہیں تو لوگ معمولی مواد کے عادی ہو جاتے ہیں اور یہ ہر میدان میں یہ ہوتا ہے، معیار پر سمجھوتہ کیا گیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ لوگ پاکستان میں مارننگ شوز دیکھنا چھوڑ چکے ہیں۔
نادیہ خان نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 2010ء میں ہی تنبیہ کر دی تھی کہ مارننگ شوز کا معیار گر چکا ہے، ان کا زوال آنے والا اور وہی ہوا کہ اب مارننگ شوز کوئی نہیں دیکھتا۔