بھارتی اداکار نیل نتن مکیش نے کترینہ کیف کے ساتھ کشیدگی کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنا تھا کہ انہیں میری رنگت سے مسئلہ تھا۔
نیل نتن مکیش نے حالیہ انٹرویو میں اپنی فلم نیویارک کی شوٹنگ کے دوران کترینہ کیف کے ساتھ تنازع پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ابتدائی طور پر میرا اور کترینہ کیف کا تعلق کچھ اچھا نہیں تھا اور ہمارے درمیان کافی عرصے تک تنازع رہا ہے۔
نیل نتن مکیش نے بتایا کہ فلم کے پہلے ہی دن میری اور کترینہ کی ان بن ہو گئی تھی، ہمارے پہلے سین کی شوٹنگ ہو رہی تھی اور ہم بار بار بحث کر رہے تھے، وہ مجھے بیچ میں ہی روک دیتیں اور میں بار بار پوچھتا کہ مسئلہ کیا ہے؟
نیل کے مطابق مجھے بعد میں معلوم ہوا کہ انہیں میری رنگت سے کچھ مسئلہ تھا، پھر سنا کہ انہیں میرے کردار نبھانے کے انداز سے بھی کوئی اعتراض تھا، وہ بار بار مداخلت کر رہی تھیں، جس کی وجہ سے میں غصے میں آ گیا، کیونکہ میں پہلے ہی ایک انتہائی سنجیدہ فلم پر کام کر چکا تھا۔
اگرچہ نیل اور کترینہ کے تعلقات کی ابتدا کشیدہ رہی، مگر بعد میں دونوں کے درمیان دوستی ہو گئی۔
نیل نے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران جب میں بیمار ہو گیا تھا تو کترینہ اور ان کی ٹیم نے میرا بہت خیال رکھا تھا۔
واضح رہے کہ فلم نیویارک 9/11 کے دہشت گرد حملے کے گرد گھومتی ہے اور اس واقعے کے 3 دوستوں (جان ابراہم، کترینہ کیف اور نیل نتن مکیش) کی زندگی پر پڑنے والے اثرات کو بیان کرتی ہے۔