• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب بھر میں دیہی مراکزِ صحت کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز--- فائل فوٹو
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز--- فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے بھر میں دیہی مراکز صحت (آر ایچ سیز) کی آؤٹ سورسنگ کا اصولی فیصلہ کر لیا۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں شعبۂ صحت سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں نوازشریف کینسر اسپتال مقررہ مدت میں فعال کرنے اور وہاں بورڈ آف گورنر کی نامزدگی کے لیے احکامات بھی دیے گئے۔

صحتِ عامہ کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں صوبے میں ضلع کی سطح پر برن یونٹ، کارڈیک سینٹر اور چلڈرن وارڈ بنانے پر اتفاق ہوا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بنیادی مراکز صحت میں بڑے اسپتالوں کے برابر طبی اور تشخیصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، مراکز صحت کو مریضوں کے لیے ابتدائی ریفرل سینٹر بنایا جائے گا، جہاں جنرل سرجری، گائنی، تشخیص، طبی ٹیسٹ اور دیگر سہولتیں بھی میسر ہوں گی۔

اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں ڈویژنل لیول پر ہر مرض کے علاج کے لیے میڈیکل سٹی بنانے کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 225 رورل ہیلتھ سینٹرز کی ری ویمپنگ مکمل ہونے کے بعد نئے شاندار کلینک میں تبدیل ہو گئے ہیں، آر ایچ سی کی آؤٹ سورسنگ کے بعد نئے کلینک ہفتے بھر 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، ینگ ڈاکٹرز کے زیرِ انتظام مراکزِ صحت میں مریضوں کا تناسب 3 گنا تک بڑھ گیا ہے۔

اجلاس میں لاہور کے جناح اسپتال پی آئی سی ٹو کو 30 ستمبر تک فعال کرنے اور مری کے سامبلی جنرل اسپتال کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و توسیع کی ہدایت کی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف سرگودھا میں جون تک او پی ڈی فنکشنل کرنے کا حکم بھی دیا۔

صحت سے مزید