صوبہ پنجاب کے دارالخلافہ لاہور میں واقع میؤ اسپتال میں انجکشن کے ری ایکشن سے ایک اور مریض دم توڑ گیا۔
میؤ اسپتال کے ترجمان کے مطابق مریض دولت خان وینٹی لیٹر پر تھا، جس کے انتقال کے بعد غلط انجکشن سے اموات کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔
میؤ اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دیگر مریضوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز میؤ اسپتال لاہور کے چیسٹ وارڈ میں انجکشن کے مبینہ ری ایکشن سے مریضہ جاں بحق ہو گئی تھی۔
میؤ اسپتال لاہور کی انتظامیہ نے اس حوالے سے کہا تھا کہ انجکشن کے مبینہ ری ایکشن سے دیگر 15 مریض متاثر ہوئے، 3 وینٹی لیٹر پر ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ انجیکشن زائد المیعاد نہیں۔
دوسری جانب گزشتہ ہفتے ماہرینِ صحت نے رفاہ انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کیئر کی پیشنٹ سیفٹی اور کوالٹی ہیلتھ کیئر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان میں اسپتالوں میں داخل 18 سے 20 فیصد مریض طبی غفلت، دواؤں کے غلط استعمال اور اسپتالوں میں لگنے والے جان لیوا انفیکشنز کے باعث جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔