• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی سمندر میں آئل ٹینکر حادثہ: ایک شخص کی ہلاکت کا خدشہ، ایک گرفتار

نارتھ یارکشائر کے شمالی سمندر میں دو بحری جہازوں کے تصادم کے نتیجے میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس نے سنگین غفلت سے قتل کے شبہ میں ایک فرد کو گرفتار کرلیا۔

یہ حادثہ پیر کی صبح مشرقی یارکشائر کے ساحل کے قریب پیش آیا، جہاں پرتگالی کارگو جہاز ”سولونگ“ اور امریکی پرچم بردار آئل ٹینکر ” ایم وی اسٹینا امیکیولیٹ“ کے درمیان تصادم ہوا۔

تصادم کے نتیجے میں کارگو جہاز شدید متاثر ہوا اور اس کے ایک عملے کے رکن کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ برطانیہ کے وزیر برائے نقل و حمل نے بیان دیا ہے کہ حکومت کے مطابق لاپتہ فرد کے زندہ بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں اور وہ ممکنہ طور پر وہ ہلاک ہوچکا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، سولونگ جہاز تیز رفتاری سے چلتے ہوئے لنگر انداز اسٹینا امیکیولیٹ سے ٹکرا گیا تھا۔ تصادم کے بعد دونوں جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی، جسے بجھانے کےلیے امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کردی گئیں۔

سولونگ پر لگی آگ کو مکمل طور پر قابو میں نہیں لایا جاسکا اور جہاز کے ڈوبنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ اسٹینا امیکیولیٹ کے زیادہ تر حصے کو محفوظ کر لیا گیا ہے۔

ایم وی اسٹینا امیکیولیٹ امریکی فضائیہ کےلیے 2 لاکھ 20 ہزار بیرل جیٹ فیول لے جا رہا تھا۔ تصادم کے نتیجے میں جہاز کے ایک کارگو ٹینک میں شگاف پڑ گیا، جس سے سمندر میں جیٹ فیول کا اخراج شروع ہوگیا۔ ماحولیاتی ماہرین نے آلودگی کے ممکنہ خطرے پر تشویش کا اظہار کیا ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ساحلی علاقوں میں کوئی نمایاں آلودگی نہیں دیکھی گئی۔

ہیمبرسائیڈ پولیس نے 59 سالہ شخص کو سنگین غفلت سے قتل کے شبہ میں گرفتار کر لیا۔ پولیس میرین ایکسیڈنٹ انویسٹیگیشن برانچ کے ساتھ مل کر حادثے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔

حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ زیادہ تر عملہ کے ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا، تاہم سولونگ پر موجود ایک شخص تاحال لاپتہ ہے اور اس کے زندہ بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر بتائے جا رہے ہیں۔

یہ حادثہ سمندری نقل و حمل کے حفاظتی اقدامات پر سوالیہ نشان کھڑا کر رہا ہے۔ حکام نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ حادثے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کےلیے نئے حفاظتی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید