کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک کالونی میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ریاست جدگال کا اہم کمانڈر ماراگیا، دیگر علاقوں میں چھاپوں کے دوران 6ملزمان پکڑے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو پاک کالونی میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کیا۔ دوپہر سے شروع ہونے والا آپریشن وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہا۔ پرانا گولیمار کے قریب پاک کالونی پولیس اور اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل کیماڑی نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے ریاست جدگال کے منشیات کے اڈے کا گھیراؤ کیا جہاں وطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ریاست جدگال کے اہم کمانڈر فرحان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جو کچھ ہی دیر میں دم توڑگیا ۔پولیس نے ہتھیار ،منشیات اور ملزم سے چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کی۔دن میں پرانا گولیمار اور جہان آباد میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا آپریشن میں پولیس نے داخلی اورخارجی راستے سیل کرکے چھاپوں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی منشیات،شراب کی بوتلیں،بڑے ہتھیار ،نصف درجن سے زائد چھوٹے پستول، گولیوں کی کھیپ، چھینی گئی گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور 14عدد چیسز برآمد کئے۔ ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کے مطابق آپریشن کے دوران گینگ وار کردار نوید کپیʼ ریاست جدگال اور انور کوجک کے اڈوں پر چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔