پاکستان ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ ایک سال سے روٹی چکھی تک نہیں ہے۔
اداکار منیب بٹ اور ان کی اہلیہ اداکارہ ایمن خان نے حال ہی میں رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شرکت کی۔
منیب بٹ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ہمارے گھر میں ایمن خان کی چلتی ہے، وہی سارے فیصلے کرتی ہیں۔
32 سالہ اداکار منیب بٹ نے کہا کہ چونکہ میں بٹ فیملی سے تعلق رکھتا ہوں، اس لیے میرے لیے اپنے بڑھتے وزن پر قابو رکھنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
دن بھر کی کھانے پینے کی روٹین سے متعلق سوال کے جواب میں منیب نے انکشاف کیا کہ میں بہت کم کھاتا ہوں، میں صبح 6 انڈے بغیر زردی کے لیتا ہوں، دن میں ایک تکہ اور شام میں کچھ بھی ہلکا پھلکا کھا لیتا ہوں۔
منیب بٹ نے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ میں نے ایک سال سے روٹی نہیں کھائی ہے، اس پر ایمن خان ان کے اس انکشاف کی تصدیق کی۔
منیب بٹ کی یہ بات سُن کر شو کی میزبان رابعہ انعم نے کہا کہ میں نے گزشتہ 6 یا 7 ماہ سے روٹی نہیں کھائی ہے، میں نے گزشتہ دنوں روٹی چکھی تو مجھے بہت اچھا محسوس ہوا۔
اس پر شو کے دوسرے میزبان و اداکار دانش تیمور نے بتایا کہ میں تو سب کھاتا ہوں، میں روٹی اور چاول دونوں غذائیں کھاتا ہوں مگر اعتدال میں رہتے ہوئے۔
یاد رہے کہ اپنی فٹنس پر بے حد توجہ دینے والے اداکار منیب بٹ اردو سنیما اور ٹیلی ویژن کے نامور فنکار ہیں، انہوں نے 2012ء میں اداکاری کا آغاز کیا تھا۔
منیب بٹ ٹیلی ویژن کی ڈرامہ سیریل دلدل، بندی، کوئی چاند رکھ، کیسا ہے نصیباں، یاریاں، قرار اور بدعا جیسے مشہور ڈراموں میں کام کر چکے ہیں۔