• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سدھارتھ آنند کی علیحدگی، 700 کروڑ بجٹ کی ’کرش 4‘ کی ریلیز مؤخر

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ریتیک روشن اور راکیش روشن کی مقبول ترین سپر ہیرو فرنچائز ’کرش‘ کی چوتھی قسط بار بار تاخیر کا شکار ہو رہی ہے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق ’کرش 4‘ کی ریلیز ایک بار پھر مؤخر کر دی گئی ہے اور اس بار وجہ بجٹ مسائل بتائی جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ’کرش 4‘ کےلیے تقریباً 700 کروڑ روپے کا بجٹ درکار ہے اور کوئی بھی اسٹوڈیو اتنی بڑی رقم خرچ کرنے اور اتنا بڑا رسک لینے کےلیے تیار نہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریتیک نے اس پروجیکٹ کےلیے اسٹوڈیو کی تلاش کی ذمہ داری اپنے قریبی دوست سدھارتھ آنند کو سونپی تھی جو فلم کے پروڈیوسر بھی تھے۔

مارول دور کے بعد سے اسٹوڈیوز کو ’کرش 4‘ پر 700 کروڑ کا سرمایہ لگانے میں ہچکچاہٹ ہو رہی ہے، خاص طور پر جب اس فرنچائز کی آخری فلم کو ریلیز ہوئے ایک دہائی سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سدھارتھ آنند اور ان کی پروڈکشن کمپنی مارفلکس بھی ’کرش 4‘ سے الگ ہوگئی ہے، جس کے باعث فلم کی ریلیز مزید مؤخر کردی گئی ہے۔  

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریتیک روشن اور راکیش روشن نے ایک بند کمرہ میٹنگ کی اور اب وہ خود بھارت کے مختلف فلمی اسٹوڈیوز سے مذاکرات کریں گے تاکہ فلم کےلیے ایک مناسب ڈیل طے کی جا سکے۔

بتایا جارہا ہے کہ ’کرش 4‘ اب فلم کرافٹ اور کسی بڑے اسٹوڈیو کے اشتراک سے پروڈیوس کی جائے گی جبکہ مارفلکس دوسرے پروجیکٹس پر توجہ دے گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید