کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے دعویٰ کیا ہے کہ یلو لائن بی آر ٹی منصوبہ مقررہ مدت سے 5ماہ قبل مکمل ہوگا، یلو لائن کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی، یہ منصوبہ ستمبر 2025 ء میں مکمل ہونا تھا، لیکن اب اسے مئی 2025 ءتک مکمل کر لیا جائیگا،پنک ٹیکسی سروس جلد متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ خواتین کیلیے محفوظ، آرام دہ سفری سہولت فراہم کی جا سکیں،نوکری پیشہ خواتین کیلئے پنک اسکوٹر مفت فراہم کی جارہی ہے۔ وہ ہفتے کو یہاں یلو لائن کے تعمیراتی کام اور منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لے رہے تھے۔ اس موقع پرسیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پراجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی، انجینئرز، تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندے اور کنسلٹنٹس بھی موجود تھے۔ کنسلٹنٹس نے سینئر وزیر کو منصوبے کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور حائل رکاوٹوں اور تکمیل کے متوقع وقت کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نےذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ کراچی کے شہریوں کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ریڈ لائن منصوبے کے بارے میں کہا کہ سول ایوی ایشن، واٹر کارپویشن اور کے فور کے باعث اس منصوبے میں کچھ مسائل درپیش ہیں، جنہیں جلد حل کیا جائیگا۔ گرین لائن کے حوالے سے شرجیل میمن نے کہا کہ اسکے کرایے نہیں بڑھائے جائینگے۔