بھارتی مشہور کھلاڑی ویرات کوہلی نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے منصوبوں سے متعلق کھل کر بات کی ہے۔
ویرات کوہلی اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا سے تعلق رکھنے والی ان کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما اکثر اوقات ہی خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔
حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران ویرات کوہلی نے اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد کے منصوبوں کے بارے میں بات کی ہے۔
ویرات کوہلی نے آئی پی ایل کی ٹیم، رائل چیلنجرز بنگلور (RCB) کی انوویشن لیب سے گفتگو کے دوران مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ شاید مجھے آسٹریلیا کے دوسرے دورے میں کھیلنے کا موقع نہیں ملے گا۔
ایک سوال کے جواب میں 36 سالہ کرکٹر نے بتایا کہ مجھے ابھی تک اندازہ نہیں تھا کہ میں کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد کیا کروں گا لیکن ہاں میں شاید سیر و تفریح کے لیے بہت زیادہ سفر کر سکتا ہوں۔
ویرات کوہلی کی ریٹائرمنٹ کی افواہیں
چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں بھارت کی جانب سے دوسرا آئی سی سی ٹائٹل جیتنے کے بعد کوہلی، روہت شرما اور رویندر جڈیجا جیسے کھلاڑیوں کی ممکنہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
جب ویرات کوہلی سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے واضح کیا کہ میں یہ فیصلہ کرنے میں جَلدی نہیں کر رہا ہوں۔
انہوں نے مستقبل کے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم میں بہت سے نوجوان کھلاڑی متاثر کُن کارکردگی دکھا رہے ہیں، سب ہی نے اچھا کھیلا ہے، ٹیم اچھے ہاتھوں میں ہے۔
ویرات کوہلی کی ممکنہ ریٹائرمنٹ
اگرچہ ویرات کوہلی نے اپنی ریٹائرمنٹ کی صحیح تاریخ کا انکشاف تو نہیں کیا ہے لیکن بھارتی میڈیا کے مطابق ان کی ریٹائرمنٹ سے متعلق قیاس آرائیاں عروج پر ہیں کہ 2027ء کا ون ڈے ورلڈ کپ ان کا آخری ٹورنامنٹ ہو سکتا ہے۔