• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصطفیٰ قتل کیس: ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع، آج کی سماعت کا حکم نامہ جاری

کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے سلسلے میں آج ہونے والی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ 

عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ اے وی سی سی نے ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔

عدالت نے حکم نامے میں تحریر کیا کہ تفتیشی افسر نے بتایا اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی ملزم سے تفتیش کر رہی ہے، موبائل فون اور لیپ ٹاپ کی فارنزک رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئیں۔ 

حکمنامہ میں کہا گیا کہ پراسیکیوٹر نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی حمایت کی، پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم کے ریمانڈ میں توسیع سے مزید شواہد سامنے آسکتے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ وکیل صفائی نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی مخالفت کی، ملزم ارمغان نے پولیس تشدد کی شکایت کی، تفتیشی افسر کسی بھی سرکاری اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے ملزم کا معائنہ کروائیں، تفتیشی افسر تین روز میں میڈیکل معائنے کی رپورٹ جمع کروائیں۔

عدالت نے حکم نامہ میں کہا کہ ملزم نے کہا کہ وہ اعتراف جرم کرنا چاہتا ہے، تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم ایس ایس پی کے روبرو اعترافی بیان ریکارڈ کرواچکا ہے۔ 

عدالتی حکم نامہ میں کہا گیا کہ ملزم ارمغان نے خرم عباس ایڈووکیٹ کو اپنا وکیل تسلیم کرنے سے انکار کیا، ملزم اور اسکے والد نے کمرہ عدالت میں ایک دوسرے پر چیخ و پکار کی۔

حکم نامہ میں یہ بھی کہا کہ ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 24 مارچ تک توسیع کی جاتی ہے، تفتیشی افسر مقررہ وقت میں تحقیقات مکمل کریں، وکیل صفائی درخواست کی نقول پراسیکیوٹر کو فراہم کریں۔

عدالت نے وکیل صفائی کی درخواست کی سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی۔ 

قومی خبریں سے مزید