ملتان ( سٹاف رپورٹر )عید الفطرکی خریداری میں اضافہ ہوتے ہی گردیزی مارکیٹ، کینٹ،حسین آگاہی سمیت شہر کے گنجان آباد بازاروں میں جیب تراشی ،چوری کے واقعات میں ا ضافہ ہو گیا۔ماہ صیّام کا دوسراعشرہ اختتام پذیر ہونے کو ہے اور عید کی آمد آمد ہے۔شہر کے معروف اور گنجان آباد بازاروں کینٹ،حسین آگاہی، گردیزی مارکیٹ،گلشن مارکیٹ،مین مارکیٹ ممتاز آباد،مظفرآباد،چونگی نمبر14میں عید خریداری کے رش میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے،خاص طور پر گردیزی مارکیٹ، کینٹ اور حسین آگاہی میں رات کے اوقات میں تل دھرنے کو بھی جگہ نہیں ملتی۔ بازاروں میں شہریوں کے رش میں اضافہ ہوتے ہی جیب تراشی،چوری اور خواتین سے پرس چھیننےکے واقعات میں ا ضافہ ہو گیا ہے۔ اس صورتحال کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں اور انہوں نے بازاروں میں سیکورٹی کے انتظامات بہتر کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔