کراچی (اسٹاف رپورٹر) منشیات برآمدگی سے متعلق کیس میں معروف اداکار ساجد حسن کے بیٹے ملزم ساحر حسن نے اعتراف جرم کرلیا ۔ ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایاکہ ملزمان بازل اور یحییٰ بیرون ملک سے ویڈ منگواتے ہیں ، بازل اور یحییٰ ویڈ کورئیر سروس کے ذریعے مجھے بھیجتے ہیں ، بازل اور یحییٰ سے ویڈ منگوا کر مختلف لوگوں کو سپلائی کرنا شروع کردیا۔ ملزم ساحر حسن نے ویڈ کا پودا لے کر گھر میں کاشت کاری کی کوشش کی تھی۔ پولیس نے مقدمہ کا عبوری چالان جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرادیا ہے ۔ بدھ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ساحر حسن کے خلاف منیشات برآمدگی سے متعلق کیس میں پولیس کی جانب سے عبوری چالان جمع کرادیا ہے ۔