پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے مرکزی رہنما تصور حسین تارڑ نے تحریکِ انصاف کے قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بائیکاٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
تصور حسین تارڑ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریکِ انصاف نے اس اقدام سے واضح کر دیا ہے کہ اسے پاکستان کی سلامتی سے زیادہ اپنی سیاست عزیز ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ دہشت گردوں کی حمایت کرتی رہی ہے اور آج ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں وہی عناصر ملوث ہیں جن کو عمران خان کے دور حکومت میں پاکستان میں لا کر بسایا گیا تھا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والا ہر شخص دہشت گرد ہے اور عمران خان ایسے عناصر کے لیے ہمدردی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی رہائی کے لیے دہشت گردوں پر انحصار کر رہے ہیں لیکن انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ کوئی بھی ریاست ایسے عناصر کو برداشت نہیں کر سکتی۔
تصور حسین تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کے نمائندوں کا یہ کہنا کہ’عمران نہیں تو پاکستان نہیں‘ ایک غیر ملکی ایجنڈے کی عکاسی کرتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق اجلاس کا بائیکاٹ کرکے پی ٹی آئی نے ثابت کر دیا ہے کہ اسے ملک کے مفادات کی کوئی پرواہ نہیں بلکہ وہ بیرونی طاقتوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ایسی جماعت کے لوگوں کو پاکستان میں رہنے کا کوئی حق نہیں جو قومی سلامتی پر سیاست چمکانے میں مصروف ہو۔