ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے سفارتخانہ پاکستان میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
تلاوت کی سعادت قاری محمورالحسن نے حاصل کی جبکہ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض ثاقب نثار نے سر انجام دیے۔ سفارت خانہ پاکستان کے لان میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی، قومی ترانے کی دھن پر سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے قومی ترانہ کی دھن سبز ہلالی پرچم کو بلند کیا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے قومی دن کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی اور قومی دن کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
دریں اثنا اس موقع پر سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں ایمان، اتحاد اور تنظیم کا پیغام دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایمان اور تنظیم موجود ہے لیکن اتحاد کا تھوڑا سا فقدان ہے اگر ہم اتحاد کو بھی شامل کرلیں تو پھر اس قوم کو سر بلندی سے کوئی بھی نہیں روک سکتا جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔
انہوں نے ناروے اور اسکینڈے نیویا میں بسنے والے پاکستانیوں کو نادرا سینٹر کے قیام کی بھی مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ ہمارے جو بزرگ 60 کی دہائی میں ناروے اور سکینڈین نیویو میں آئے ہوئے تھے ان کو پی او سی اور نیکوپ کارڈ بنانے میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
اسکی وجہ یہ تھی کہ ان کا بائیو میٹرک ریکارڈ پاکستان میں موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے ان کا کارڈ نہیں بن پا رہا تھا، اب ان کو اور جو دوسرے اور بھی اوورسیز پاکستانی ہیں ان سب کو بہت بہت مبارک ہو کیونکہ یہاں نادرا سینٹر کے قیام کے بعد ان کو کارڈ بنانے میں کسی بھی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا پیغام ڈاکٹر رابیل مصطفیٰ سومرو نے پڑھا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام کونسلر آصف حمید نے اور صدر آصف علی زرداری کا پیغام سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے پڑھ کر سنایا۔