بھارتی اداکارہ دیا مرزا نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے کیس میں ریا چکرورتی سے میڈیا کے سلوک پر تنقید کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دیا مرزا نے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن ( سی بی آئی) کے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں ریاچکرورتی اور اُن کے خاندان کو کلیئر قرار دیے جانے پر ردعمل دیا ہے۔
برسوں کی قیاس آرائیوں اور شدید چھان بین کے بعد سی بی آئی نے نتیجہ اخذ کیا کہ 2020ء میں ممبئی کے اپنے اپارٹمنٹ میں سشانت سنگھ راجپوت کی المناک موت کے پیچھے کسی بھی سازشی کھیل کے شواہد نہیں ملے ہیں۔
ریا چکرورتی کو ستمبر 2020ء میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے اداکار کی موت سے منسلک منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا۔
اس معاملے پر اداکارہ دیا مرزا نے ردعمل دیا، انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر اسٹوری میں کہا کہ ریا چکرورتی سے میڈیا کو تحریری معافی مانگنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا میں کون ہے جو اداکارہ اور اُس کے خاندان سے تحریری معافی مانگے؟ کیونکہ اُس وقت آپ چڑیل کے شکار پر تھے، آپ نے سب کچھ ٹی آر پی کےلیے کیا۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ میڈیا نے صرف ٹی آر پی کےلیے ہراساں اور پریشان کیا، اس لیے معافی مانگیں، یہ بہت کم ہے جو آپ کرسکتے ہیں۔
یاد رہےکہ ریا چکرورتی نے گرفتاری کے بعد 27 دن جیل میں گزارے تھے۔