• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’سکندر‘ کیلئے سلمان خان کو کیوں چُنا؟ ہدایتکار نے بتا دیا

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

مشہور ہدایت کار اے آر مروگادوس نے فلم ’سکندر‘ کے لیے سلمان خان کو چننے کی وجہ بتا دی۔

بھارتی فلم ساز اے آر مروگادوس گجنی اور ہالیڈے جیسی بلاک بسٹر فلموں کے خالق ہیں، اس بار سلمان خان کے ساتھ اپنی نئی فلم ’سکندر‘ میں کام کر رہے ہیں۔

یہ فلم 30 مارچ 2025 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی اور شائقین کو ایک زبردست ایکشن سے بھرپور کہانی دیکھنے کو ملے گی۔

فلم کے ٹریلر لانچ ایونٹ کے دوران ہدایت کار اے آر مروگادوس نے اپنی جدوجہد کے دنوں کی ایک یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ میں پہلی بار سلمان خان کو چنئی کے پرساد اسٹوڈیوز میں ملا تھا، جب میں ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کر رہا تھا۔

 مروگادوس نے کہا کہ اس وقت میں ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر جدوجہد کر رہا تھا اور ایک شوٹنگ دیکھنا چاہتا تھا تو میں چنئی کے پرساد اسٹوڈیوز گیا، میں نے وہاں کے سیکیورٹی گارڈ سے اندر جانے کی اجازت مانگی، تو اس نے دو شرائط رکھیں ایک تو میں اسٹوڈیو کے کونے میں کھڑا رہوں اور دوسرا یہ کہ میں کسی سے بات نہ کروں، اس نے مجھے صرف 20 منٹ دیے اور میں نے موقع سے فائدہ اٹھایا۔

ہدایت کار نے بتایا کہ میں نے اندر جا کر دیکھا، پورا اسٹوڈیو دھوئیں سے بھرا ہوا تھا، روشنی آئی اور میں نے دیکھا کہ وہاں سری دیوی موجود ہیں، میں حیران رہ گیا پھر اچانک میں نے ایک ہیرو کو دیکھا جو اپنے بال سنوار رہا تھا، میں نے آگے بڑھ کر دیکھنے کی کوشش کی تو گارڈ نے مجھے اشارے سے منع کر دیا، جب میں باہر نکلا تو میں نے سوچا کہ ایک دن میں سلمان خان کے ساتھ فلم بناؤں گا اور آج وہ خواب حقیقت بن گیا۔

سلمان خان نے بھی فلم کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مروگادوس سر نے مجھے ایکشن سینز  میں سخت محنت کروائی، وہ ہر سین کو بہترین بنانے کے لیے ہمیشہ مجھ سے کچھ اضافی کروانے کی کوشش کرتے تھے، یہ فلم شائقین کو زبردست ایکشن اور کہانی فراہم کرے گی۔

اے آر مروگادوس نے مزید انکشاف کیا کہ میں شاہ رخ خان کے ساتھ بھی کام کرنے کی خواہش رکھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے عامر خان کے ساتھ گجنی، سلمان خان کے ساتھ سکندر بنائی اور اب میری خواہش ہے کہ میں شاہ رخ خان کے ساتھ بھی فلم کروں،  اپنی ایک تامل فلم مکمل کرنے کے بعد اس پر سوچوں گا، لیکن یہ میری بَکِٹ لسٹ میں ضرور شامل ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید